ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاسرگوڈمیں ریلوے  پولیس نے 1.40کروڑ روپے ’حوالہ رقم‘کے ساتھ 2ملزمین کو کیا گرفتار

کاسرگوڈمیں ریلوے  پولیس نے 1.40کروڑ روپے ’حوالہ رقم‘کے ساتھ 2ملزمین کو کیا گرفتار

Sun, 15 Mar 2020 12:28:35    S.O. News Service

کاسرگوڈ،15/مارچ (ایس ا و نیوز) نئی دہلی سے ایرناکولم کے بیچ دوڑنے والی ’منگلا ایکسپریس‘ سے سفر کررہے دومسافروں کو ریلوے پولیس نے کاسرگوڈ ریلوے اسٹیشن پر1کروڑ 40لاکھ روپوں کے ساتھ گرفتار کرلیاہے جس کے بارے میں معلوم ہواہے کہ یہ حوالہ کاروبار کی رقم ہے۔

دونوں ملزمین مہاراشٹرا کے سانگلی سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی شناخت شنکر (29سال) اور انکُش (38سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ٹرین جب کُمبلے اسٹیشن پر پہنچی تھی وہاں پر موجود ریلوے پولیس کومحسوس ہواکہ ان مسافروں کے پاس دو مشکوک بیگ موجود ہیں۔ انہوں نے کاسرگوڈ میں ریلوے پولیس کے افسران کو اس کی جانکاری دی اور جب ٹرین کاسرگوڈ پہنچی تو وہاں پر پولیس نے والوں نے ان سے پوچھ گچھ کی لیکن دونوں اپنے پاس موجود بیگس کے بارے میں اطمینان بخش جواب نہیں دے پائے۔ پھر پولیس والوں نے ان کے بیگ کھلوائے تو ا س کے اندر نیوز پیپرس میں لپیٹ کر رکھے گئے نوٹوں کے بنڈل برآمد ہوئے۔ 

پولیس کاکہنا ہے کہ انکش او رشنکر ممبئی سے ایرناکولم کے لئے سفر کررہے تھے۔ ان کے پاس سے 2ہزار کی قیمت والے چالیس لاکھ روپوں کے نوٹ تھے اور 500کی قیمت والے ایک کروڑ روپوں کے نوٹ برآمد کیے گئے۔ تفتیش کے دوران ملزمین نے پولیس کو بتایا کہ انہیں بیگس کے اندر کیا چیز اس کا پتہ نہیں تھا، بس اسے ایرناکولم تک پہنچانے کے لئے انہیں پچاس ہزار روپے کمیشن دیا گیا تھا۔ مگر تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم انکُش اس سے پہلے بھی حوالہ کی رقم منتقل کرنے کے معاملے میں ملوث پایا گیا ہے۔ریلوے پولیس نے اگلی کارروائی کے لئے یہ معاملہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کردیا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ اس سے پہلے حوالہ کی رقم نجی بسوں کے ذریعے سپلائی کی جاتی تھی، مگر آج کل چیک پوسٹس پر موٹر گاڑیوں کی تلاشی سختی کے ساتھ کیے جانے کی وجہ سے حوالہ کاروباریوں نے ریلوے کے ذریعے یہ دھندا جاری رکھا ہے۔


Share: